ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل : ریاستی وزیر برائے ماہی گیری ، بندرگاہ ایس انگارا کا دورہ : ماہی گیروں کے مسائل ، بندرگاہوں کی ترقی کا معائنہ

بھٹکل : ریاستی وزیر برائے ماہی گیری ، بندرگاہ ایس انگارا کا دورہ : ماہی گیروں کے مسائل ، بندرگاہوں کی ترقی کا معائنہ

Tue, 08 Jun 2021 17:57:48    S.O. News Service

بھٹکل:8؍جون(ایس اؤ نیوز)ریاستی حکومت کی طرف سے اعلان کئے گئے دوسرے خصوصی پیکیج میں ماہی گیروں کے لئے امداد دی گئی ہے ، اس سلسلےمیں ماہی گیر طبقہ ناراضگی کا اظہار کررہا ہے ، ماہی گیروں کے مطالبات کے متعلق وزیر اعلیٰ سے بات کرتےہوئے انہیں حل کرنےکی کوشش کرونگا۔ ان خیالات کا اظہار  ریاستی وزیر برائے ماہی گیری ، بندرگاہ ایس انگارا نے  کیا۔

وہ بھٹکل کے دورے کے دوران  الوے کوڑی،  تنگن گنڈی اور بھٹکل بندر کا معائنہ کرنےکے بعد اخبارنویسوں سےبات کررہے تھے۔  انہوں نے رپورٹروں  کی طرف سے  پوچھے گئے سوالا ت کے جوابات دیتے  ہوئےکہاکہ ریاستی حکومت زراعت کو جتنی اہمیت دیتی ہے اتنی ہی ماہی گیری کو بھی دے رہی ہے۔ اس تعلق سے مرکزی حکومت کے  بھارت  مالا سمیت  کئی منصوبہ جات جاری ہیں، ماہی گیروں کی ترقی کےلئے کئی کام انجام دئیے جارہے ہیں ، البتہ بعض  موقعوں پر ماہی گیروں کا تعاون ضروری ہوتاہے اگر وہ تعاون کریں تو بہت سارے کام انجام دئیے جاسکتے ہیں۔

بندرگاہوں کے معائنے کے دوران  ماہی گیروں نے ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قلت اور  سبسڈی نہ ملنےکی شکایت کی تو وزیر نے بتایا کہ حکومت کو خط لکھاگیا ہے بہت جلد مسئلہ حل ہوجائےگا۔ اسی طرح بی پی ایل کارڈ والے ماہی گیروں کو معاوضہ دینے کے متعلق حکومت سے پیش کش کی گئی ہے، امید ہے کہ وزیرا علیٰ اس طرف توجہ دے کر اعلان کریں گے۔

وزیر موصوف نے کیرلا، گوا اور کرناٹک میں ماہی گیروں کے لئے الگ الگ قانون ہونے سے ماہی گیروں کو ہونےو الی تکالیف کا ذکر کرتےہوئے کہاکہ ہم نے اپنے محکمہ کے افسران کو ہدایات دی  ہیں کہ کیرلا اور گوا  کے قوانین کا مطالعہ کریں اور اسی طرح یہاں کے ماہی گیروں کےلئے  بھی قانون بنائیں تاکہ انہیں زیادہ فائدے حاصل ہوں۔ اسی طرح ہمارے ماہی گیر گوا اور کیرلا کے علاقےمیں مچھلیوں کا  شکار کرتےہیں تو انہیں جرمانہ عائد کیا جاتا ہے  اور گرفتار کیا جاتاہے جب کہ وہ لوگ ہمارے علاقےمیں مچھلیوں کا  شکار کرتےہیں تو کچھ نہیں ہوتا، اس سلسلے میں بھی غورکیا جارہاہے کہ ان مشکلات سےماہی گیروں کوکیسے نجات دلائی جائے۔

الویکوڑی میں منعقدہ میٹنگ میں وزیر انگارا نے بات کرتےہوئے کہاکہ بہت سارے لوگ خاص طورپر وعدے کرتےہیں تیقن دیتےہیں ، لیکن میں اس طرح کے کوئی وعدے وغیرہ کرنےو الا فرد نہیں۔ موجودہ زمانےمیں کوئی بھی کسی پر اعتماد نہیں کرتا، بعض اوقات میاں بیوی بھی ایک دوسرے پر اعتماد نہیں کرتے ۔ ہر کوئی بے اعتماد ہوگیا ہے۔ تو ایسے وقت ہمیں  اس طرح کا کام کرنا ہوگا جس سے عوام میں اعتماد پیدا ہو۔  اس سلسلے میں ترجیحات کی بنیاد پر جو کام کرنےہیں ان سب کو روبہ عمل میں لانے کی کوشش کرونگا۔ بھٹکل تعلقہ کے ماہی گیروں، بندرگاہوں کے متعلق مقامی رکن اسمبلی نے ہمیں جانکاری دی ہےاس کے باوجود ہمارے دورے کا مقصد یہی ہےکہ زمینی حقائق کا معائنہ کریں اور کیا کچھ کرسکتے ہیں اس کو عمل میں لائیں۔

وزیراعلیٰ کی تبدیلی ممکن نہیں :ہم ایک تنظیم سے تعلق رکھتےہیں ہمارا ایک نظریہ ہے  تو لیڈر شپ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دراصل نظریہ اہم ہوتاہے لیڈرشپ نہیں، اس وقت ہم نے بی ایس یڈیورپا کو  اپنا لیڈر مان لیا ہے، ان کو بدلنے کی بات ہم نہیں کہیں گے اور انہیں بدلنا ممکن بھی نہیں ہے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ بھٹکل کے رکن اسمبلی سنیل نائک، اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی سمیت کئی لوگ موجود تھے۔


Share: